کراچی : سٹی کورٹ میں مقتول میر رضا کے بزنس پارٹنر احمد بھردے عدالت میں پیش ہوگئے، عدالت نے محمد احمد کے شہر چھوڑنے پر پابندی عائد کردی۔

تفصیلات کے مطابق معروف تاجر میر رضا قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، مقتول کے بزنس پارٹنر اور واقعے کے مشتبہ فرد احمد بھردے نے عدالت میں پیش ہو کر قانونی کارروائی جوائن کر لی ہے۔

ملزم نے آج عدالت میں پیش ہوکر اپنے وکیل کے ہمراہ آگاہ کیا ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے سامنے سماعت کے دوران ملزم احمد بھردے کے وکیل خالد ممتاز ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا موکل کوپولیس ہراساں کررہی تھی جسکی وجہ سے عبوری ضمانت حاصل کی، سیشن عدالت نے ملزم محمد احمد کی ایک لاکھ روپےمیں عبوری ضمانت منظور کی۔

خالد ممتاز ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ محمد احمد اس کیس میں عدالتی کارروائی کا حصہ بننا چاہتا ہے اس لئے آج پیش ہوا ہے، عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت اور حاضری کو عدالتی کارروائی کا حصہ بنا دیا۔

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ میرے موکل کو ہراساں کیا جارہا ہے، ہمیں تھانے بلانے کے بجائے کرائم سین پر بلایا گیا، سابقہ تفتیشی افسر کی جانب سے ہراساں کیا گیا ہے۔

دوسری جانب مدعی مقدمہ کے وکیل جبران ناصر نے موقف میں کہا کہ پولیس کسی کو ہراساں نہیں کر رہی بلکہ تفتیش کے سلسلے میں اب تک 35 سے زائد گواہان اور افراد کو طلب کیا جا چکا ہے۔

جبران ناصر نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر اس مرحلے پر ضمانت دی گئی تو کیس سے جڑے دیگر افراد بھی ضمانتیں کروا لیں گے۔

سماعت کے دوران عدالت نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا: "جب آپ اس کیس میں باضابطہ ملزم نہیں تھے تو پھر ضمانت کیوں لی؟ آپ سوچ لیں کہ اس ضمانت کی درخواست کو آگے چلانا چاہتے ہیں یا واپس لیں گے؟”

عدالت نے ملزم احمد بھردے کو واضح ہدایت کی کہ ضمانت ہو یا نہ ہو، وہ تفتیش میں شامل ہونے کے پابند ہیں اور تفتیش جاری رہنے تک شہر سے باہر نہیں جا سکتے۔

اس پر احمد بھردے نے بیان دیا کہ جب بھی پولیس طلب کرتی ہے، وہ تھانے جانے کے لیے تیار ہیں۔

عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت اور حاضری کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 24 اگست تک ملتوی کر دی۔

عدالت نے ملزم کے وکیل کو آئندہ سماعت پر یہ حتمی فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے کہ وہ ضمانت واپس لیں گے یا اسے آگے چلائیں گے۔

Source: ARY News Syndicated Desk. Live breaking coverage updated continuously on Abaseen News Network.

Original Reference: https://urdu.arynews.tv/mir-raza-business-partner-ahmed-bharad-joins-court-proceedings/