کراچی : تحریک انصاف نے کراچی میں مزار قائد پر آج ہونے والا جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کراچی کے اہم راستوں کی شدید بندش اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث مزارِ قائد / شاہراہِ قائدین پر آج ہونے والا جلسہ منسوخ کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ان رکاوٹوں کے سبب قافلوں کو پہنچتے ہوئے صبح کے 6 بج جاتے، اس لیے جلسہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا

صدر پی ٹی آئی کراچی فہیم خان نے کہا کہ جلسہ منسوخ ہونے کے باوجود وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے پیر کے روز طے شدہ باقی تمام پروگرام اپنے معمول کے مطابق ہوں گے۔

خیال رہے کراچی پہنچنے پر ٹول پلازہ کے مقام پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے سندھ پولیس کی جانب سے شدید جانبداری کا مظاہرہ کرنے کا الزام عائد کیا۔

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ "بلاول بھٹو کہہ کچھ رہے ہیں اور کر کچھ رہے ہیں، یوں لگتا ہے کہ ان کا اپنے وزیراعلیٰ پر کوئی اختیار نہیں چل رہا”۔

گذشتہ روز کراچی میں سیکیورٹی وجوہات پر نمائش چورنگی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی تھی اور مزارِقائد کےاطراف اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا بغیراجازت اجتماع کی صورت میں قانون کےمطابق کارروائی ہو گی، شہری مزارِ قائد کےاطراف غیرضروری رش سے گریز کریں۔

واضح رہے پی ٹی آئی نے جلسے کی اجازت نہ ملنے پر ریلی اور پورٹیبل جلسے کا پلان بنایا تھا، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے شاہراہ قائدین پر ریلی سے خطاب کرنا تھا۔

Source: ARY News Syndicated Desk. Live breaking coverage updated continuously on Abaseen News Network.

Original Reference: https://urdu.arynews.tv/pti-announces-cancellation-of-rally-to-be-held-at-quaid-e-azams-shrine-today/