کراچی : پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی مخالفت کردی، وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی گورنر راج کی حامی نہیں، تاہم دہشت گردوں کی پشت پناہی سے متعلق اس پر بات ہوسکتی ہے

 ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سیاسی طور پر کسی صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کرنے کی حمایت کسی صورت نہیں کرتی۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے باعث معصوم شہریوں کی جانیں ضائع ہورہی ہوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی شہید ہورہے ہوں تو ایسی صورتحال کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

صوبائی وزیر نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں احتجاج، دھرنوں اور ریلیوں کے بجائے پاکستان اور اپنے صوبے کے عوام کے بارے میں سوچنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی صوبائی حکومت دہشت گردوں کی پشت پناہی کرے تو گورنر راج پر بات کی جا سکتی ہے، پی ٹی آئی کے دوست اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی احتجاج کے بجائے پاکستان اورعوام کی بھلائی کا سوچیں۔

ناصر حسین شاہ نے بلوچستان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں بھی دہشت گردی کا مسئلہ موجود ہے، تاہم ان کے بقول بلوچستان کے وزیراعلیٰ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے شانہ بشانہ کام کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا ضروری ہے۔

خیبر پختونخوا سے متعلق وفاقی حکومت کا مختلف آپشنز پر غور

Source: ARY News Syndicated Desk. Live breaking coverage updated continuously on Abaseen News Network.

Original Reference: https://urdu.arynews.tv/governors-rule-in-kp-pp-has-opposed-it/