ڈرامہ سیریل ’رتبہ‘ جلد ہی اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جائے گا جس کی مصفنہ عمیرہ احمد اور ہدایت کار حسیب حسن ہیں۔

یہ بلاشبہ اس سیزن کے سب سے زیادہ متوقع ڈراموں میں سے ایک ہے اور اس کی کاسٹ انتہائی باصلاحیت ہے۔ عمیرہ احمد اس وقت کامیابیوں کے سفر پر گامزن ہیں انہوں نے حال ہی میں ’کفیل‘، ’درِ نجات‘ اور ’آپ کی عزت‘ جیسے یکے بعد دیگرے ہٹ اور فکر انگیز کہانیوں والے ڈرامے پیش کیے ہیں۔

’رتبہ‘ اس سلسلے کی اگلی کڑی ہے اور مداح بے صبری سے اس کے منتظر ہیں۔

یہ ڈرامہ جلد ہی نشر کیا جائے گا اور اس کے ٹیزرز نے سب کی دلچسپی بڑھا دی ہے، اس کی کاسٹ بھی شاندار ہے اور اس میں ایسے نام شامل ہیں جو بہترین اداکاری کی صلاحیت رکھتے ہیں اور کرداروں کے جذبات کو انتہائی درستگی کے ساتھ اسکرین پر پیش کر سکتے ہیں۔

کاسٹ میں مہوش حیات، زاہد احمد، حبا بخاری، طلحہ چہور، علی طاہر، سلمیٰ حسن اور سیف علی خان شامل ہیں۔

مہوش حیات

مہوش حیات بلاشبہ پاکستان کی بڑی اسٹار میں سے ایک ہیں اور وہ اپنی نسل کی بہترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے ڈراموں اور فلموں میں کام کیا ہے اور ہر بار ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ وہ ڈراموں سے کچھ عرصے کے لیے وقفے پر تھیں اور اب انہیں ’رتبہ‘ کے لیے منتخب کیا گیا ہے اور وہ اس میں ایک انتہائی سنجیدہ اور گہرے  کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔

زاہد احمد

زاہد احمد پاکستانی تفریحی دنیا کے ایک اور بڑے ستارے ہیں انہیں اپنی ورسٹائل اداکاری اور ٹیلنٹ کی وجہ سے ہمیشہ محبت اور پذیرائی ملتی ہے۔ وہ ایسے کرداروں کا انتخاب کرتے ہیں جو ناظرین کے ذہنوں پر نقش ہو جاتے ہیں۔ وہ آنے والے ڈرامے ’رتبہ‘ میں مہوش حیات کے مقابل مرکزی کردار ادا کریں گے۔ گزشتہ چند پراجیکٹس میں وہ ’گرے شیڈ‘ کی طرف مائل رہے ہیں اور ان کے مداح یہ دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں کہ وہ ’رتبہ‘ میں کیا نیا انداز پیش کرتے ہیں۔

حبا بخاری

حبا بخاری اپنے ایسے ڈراموں کے لیے جانی جاتی ہیں جنہوں نے اربوں ویوز حاصل کیے اور اپنے کیریئر میں مسلسل ہٹ ڈرامے دینے کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں۔

طلحہ چہور

طلحہ چہور ڈرامہ ‘رتبہ’ کے دوسرے مرکزی اداکار ہیں وہ انڈسٹری میں نسبتاً نئے ہیں لیکن اہم اسکرپٹس اور کہانیوں کے انتخاب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اس بار وہ ‘رتبہ’ میں ایک پولیس افسر کا کردار ادا کریں گے۔

علی طاہر

علی طاہر ایک ایسے اداکار ہیں جو اپنے کرداروں میں ہمیشہ کمال پیدا کرتے ہیں۔ وہ حال ہی میں کئی شوز میں نظر آئے ہیں، وہ ‘رتبہ’ میں ایک انتہائی اہم اور روحانی کردار ادا کریں گے۔ وہ داڑھی اور عمامے کے ساتھ ایک منفرد انداز میں نظر آئیں گے اور ‘رتبہ’ میں اپنی حقیقی عمر سے کہیں زیادہ بڑی عمر کے شخص کا کردار نبھائیں گے۔

سلمیٰ حسن

سلمیٰ حسن ایک تجربہ کار اداکارہ ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر میں کئی ڈراموں میں کام کیا ہے۔ وہ ‘رتبہ’ میں بھی اداکاری کر رہی ہیں۔ گزشتہ چند سالوں میں وہ کئی ہٹ ڈراموں کا حصہ رہی ہیں اور چونکہ اس بار یہ عمیرہ احمد کی تحریر ہے اس لیے مداحوں کا خیال ہے کہ وہ ناصرف دیکھنے کے قابل بلکہ یادگار رہنے والا کردار ادا کریں گی۔

سیف علی خان

سیف علی خان انڈسٹری میں نئے آنے والے اداکار ہیں۔ ‘تماشا سیزن 4’ جیتنے کے بعد انہیں شہرت ملی اور وہ عمیرہ احمد کے لگاتار دو اسکرپٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں بڑے ہٹ ڈرامے ‘آپ کی عزت’ میں ‘بہرام’ کا کردار ادا کیا، جہاں سبزی والے کے روپ میں ان کی اداکاری شہر بھر میں موضوعِ بحث بنی۔

اب وہ ستاروں سے سجی کاسٹ کے ساتھ ‘رتبہ’ میں جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہیں۔ یہ ڈرامہ اس نوجوان اداکار کے لیے اپنے فن کے اظہار کا ایک بہترین موقع ہے۔

رتبہ کو اے آر وائی ڈیجیٹل اور ایپلی کیشن اے آر وائی پلس پر رات 8 بجے نشر کیا جائے گا۔

Source: ARY News Syndicated Desk. Live breaking coverage updated continuously on Abaseen News Network.

Original Reference: https://urdu.arynews.tv/rutba-cast-schedule-timings/